Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

این اے 168 بہاولپور ضمنی انتخاب میں ن لیگ کامیاب، مریم نواز کا عوام سے اظہار تشکر

لاہور ( آصف اقبال ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے حلقہ این اے 168 بہاولپور کے ضمنی انتخاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے بہاولپور کے عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حلقہ این اے 168 بہاولپور کے عوام نے ترقی اور خدمت کی سیاست پر مہرِ تصدیق ثبت کردی ہے۔ انہوں نے انتخابی کامیابی پر ملک منیر اقبال چنڑ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہاولپور کے عوام نے مسلم لیگ (ن) پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
این اے 168 بہاولپور کے تمام 292 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار ملک منیر اقبال چنڑ نے 79 ہزار 306 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی، جبکہ آزاد امیدوار ولی داد چیمہ 42 ہزار 623 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
دریں اثنا پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور سینیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے بھی بہاولپور میں انتخابی کامیابی پر عوام اور پارٹی قیادت کو مبارکباد دی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے مسلم لیگ (ن) کو فتح دی، مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کرنے پر بہاولپور کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور نے نواز شریف کو ووٹ دیا ہے، بہاولپور نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی کارکردگی کو ووٹ دیا ہے۔
مریم اورنگزیب کے مطابق بہاولپور کے عوام نے مریم نواز شریف کی گرین بس، ستھرا پنجاب، گرین پنجاب، اپنی چھت اپنا گھر اور پچاس ہزار کلومیٹر سڑکوں کا جال بچھانے جیسے ترقیاتی منصوبوں کو ووٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور نے صحت کے نظام میں بہتری، کلینکس آن ویلز، مفت ادویات اور علاج، مریم نواز فیلڈ ہسپتال اور مریم نواز ہیلتھ کلینکس کو ووٹ دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ بہاولپور نے بچوں کی تعلیم اور اسکولوں میں مفت کھانے کی فراہمی، پنجاب میں امن کے قیام اور صوبے کی تاریخی ترقی کے پروگرام پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بہاولپور کے عوام جانتے ہیں کہ وعدوں کی تکمیل کی ضمانت صرف مسلم لیگ (ن) ہے۔ عوام نے خدمت، ترقیاتی منصوبوں اور مسلم لیگ (ن) کی خدمت کی سیاست پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ بہاولپور کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کے حق میں ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button