امریکا ایران مذاکرات میں تعطل، بھارتی اسٹاک مارکیٹ 6 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب

امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات میں تعطل کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے بھارتی اسٹاک مارکیٹ کو بھی شدید دباؤ میں ڈال دیا، جس کے نتیجے میں اہم انڈیکس تقریباً چھ ماہ کی کم ترین سطح کے قریب پہنچ گئے۔ پیر کو بھارتی حصص بازار میں مسلسل ساتویں ہفتے بھی مندی کا سلسلہ جاری رہا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے اور لڑائی ختم کرنے کی تجویز مسترد کیے جانے کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی سپلائی کے حوالے سے خدشات بڑھے۔ اس کے نتیجے میں برینٹ خام تیل کی قیمت 2.3 فیصد بڑھ کر تقریباً 106.7 ڈالر فی بیرل ہوگئی۔بھارت دنیا کا تیسرا بڑا خام تیل درآمد کرنے والا ملک ہے، اس لیے عالمی سطح پر تیل مہنگا ہونے کا براہِ راست اثر بھارتی معیشت پر پڑ سکتا ہے۔ مہنگے تیل سے ملک کا درآمدی بل بڑھنے، مہنگائی میں اضافہ ہونے اور کمپنیوں کے منافع پر دباؤ آنے کے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔



