یوٹیوب پروفائل محفوظ رکھنے کے لیے نیا فیچر متعارف

یوٹیوب نے مشترکہ ٹی وی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک نیا پرائیویسی فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے صارف اپنے یوٹیوب پروفائل کو چار ہندسوں کے کوڈ سے لاک کر سکے گا۔یوٹیوب کے سی ای او نیل موہن کے مطابق اکاؤنٹ لاک فیچر اب عالمی سطح پر متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس فیچر کی مدد سے گھر میں موجود دیگر افراد صارف کے پروفائل تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے، نہ ہی اس کی سبسکرپشنز دیکھ سکیں گے اور نہ ہی ویڈیوز کی سفارشات تبدیل کر سکیں گے۔پروفائل لاک کرنے کے لیے ٹی وی پر یوٹیوب ایپ کی بائیں جانب موجود نیویگیشن بار میں سیٹنگز کے ذریعے یہ فیچر فعال کیا جا سکتا ہے۔ لیکن یہ لاک ہر ڈیوائس کے لیے الگ ہوگا یعنی اگر گھر میں دو مختلف ٹی وی یا ڈیوائسز پر یوٹیوب استعمال کیا جا رہا ہے تو دونوں پر الگ الگ لاک سیٹ کرنا ہوگا۔نئے فیچر کی خاص بات یہ ہے کہ صارف کو ہر مرتبہ ریموٹ سے چار ہندسوں کا کوڈ درج کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ لاک شدہ پروفائل منتخب کرنے کے بعد صارف اپنے موبائل فون پر موجود یوٹیوب ایپ کے ذریعے بھی اسے ان لاک کر سکے گا بشرطیکہ نوٹیفکیشن فیچر فعال ہو۔



