شعیب مرزا سی ایم میرٹ ایوارڈ حاصل کرنے والے صوبائی کابینہ کے پہلے رکن بن گئے

لاہور ( آصف اقبال )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوامی خدمت اور مشکل حالات میں متاثرین کی مدد کے اعتراف میں صوبائی معاون خصوصی شعیب مرزا کو سی ایم میرٹ بیج سے نواز دیا۔ شعیب مرزا صوبائی کابینہ کے پہلے رکن بن گئے ہیں جنہیں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے یہ اعزاز دیا گیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خصوصی تقریب میں معاون خصوصی شعیب مرزا کو سی ایم میرٹ بیج لگایا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے شاباش دی۔ وزیراعلیٰ نے انہیں عوامی خدمت کا سلسلہ مزید جذبے کے ساتھ جاری رکھنے کی تلقین بھی کی۔شعیب مرزا نے مریدکے اور فیروز والا کے مختلف دیہات میں اچانک پانی داخل ہونے کی اطلاع ملتے ہی متاثرہ علاقوں کا خود دورہ کیا اور سات روز تک ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی نگرانی کی۔انہوں نے اپنی نگرانی میں سیلاب سے متاثرہ سینکڑوں افراد کو ریسکیو کرایا اور انہیں محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے عمل کی نگرانی کی۔ متاثرین کے لیے رہائش، خوراک، ادویات اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے انتظامات میں بھی معاون خصوصی نے اہم کردار ادا کیا۔متاثرہ دیہات میں بروقت رسپانس اور مسلسل موجودگی کے باعث درجنوں دیہات کے سینکڑوں افراد کی جان و مال کے تحفظ میں مدد ملی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شعیب مرزا کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا اور عوامی خدمت کے جذبے کو برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔



