مریم نواز کی قیادت میں مریم اورنگزیب کے ماحولیاتی اقدامات کا عالمی اعتراف، ہانگ کانگ سمٹ کی دعوت

لاہور ( آصف اقبال ) پنجاب میں ماحولیاتی تحفظ، فضائی آلودگی اور اسموگ کے خاتمے، جنگلات و جنگلی حیات کے تحفظ اور ٹیکنالوجی پر مبنی طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقدامات کو عالمی سطح پر پذیرائی مل گئی۔ سوئٹزرلینڈ میں قائم نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ (NST) نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو ان کی ماحولیاتی خدمات کے اعتراف میں 30 ستمبر کو ہانگ کانگ میں ہونے والے NST ایوارڈ گالا اینڈ سمٹ 2026 میں شرکت اور خطاب کی باضابطہ دعوت دے دی۔نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ کے چیئرمین پیٹر نوبیل کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کردہ دعوت میں پنجاب میں ماحولیاتی بہتری، آلودگی کے تدارک اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے گورننس کو مؤثر بنانے کے اقدامات کو خصوصی طور پر سراہا گیا ہے۔این ایس ٹی کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب نے اسموگ اور فضائی آلودگی کے خلاف روایتی طرزِ عمل سے آگے بڑھتے ہوئے ریئل ٹائم مانیٹرنگ، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ڈیٹا پر مبنی نظام کو فروغ دیا ہے۔ ان جدید نظاموں کے ذریعے آلودگی کے ذرائع کی نشاندہی، ماحولیاتی خطرات کا بروقت جائزہ اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ و ہم آہنگی ممکن بنائی گئی ہے۔ٹرسٹ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے پنجاب میں فضائی معیار کی نگرانی اور انتظام کو زیادہ شفاف، مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے میں مدد ملی ہے۔ ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی کو حکومتی پالیسی کا فعال حصہ بنانا پنجاب کے لیے ایک نمایاں پیش رفت قرار دی گئی ہے۔این ایس ٹی نے پنجاب میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی اور غیر قانونی شکار کی روک تھام کے لیے ریموٹ مانیٹرنگ ٹیکنالوجی کے استعمال کو بھی سراہا ہے۔ جنگلی حیات کے تحفظ، افزائش اور نسلوں کے تسلسل کے لیے سیٹلائٹ سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے اقدامات کو بھی عالمی ماحولیاتی تحفظ کے تناظر میں اہم قرار دیا گیا۔این ایس ٹی کے چیئرمین پیٹر نوبیل نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ٹیکنالوجی پر مبنی گورننس کی پیش رفت کو قابلِ تقلید مثال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ کو جدید ڈیجیٹل نظام، سائنسی تحقیق اور مؤثر حکمرانی سے جوڑنے کی یہ کاوش دیگر خطوں کے لیے بھی رہنمائی فراہم کرسکتی ہے۔30 ستمبر کو ہانگ کانگ میں ہونے والے عالمی لیڈرشپ سمٹ اور ایوارڈ گالا میں دنیا بھر سے رہنماؤں، سائنسدانوں، ماحولیاتی ماہرین اور پائیدار ترقی کے پالیسی سازوں کی شرکت متوقع ہے، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے ماحولیاتی تحفظ اور ٹیکنالوجی پر مبنی حکمرانی کے حوالے سے پنجاب کے تجربات اور اقدامات پر خطاب بھی متوقع ہے۔نوبیل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ سوئٹزرلینڈ میں قائم ایک فلاحی ادارہ ہے جس کے بارے میں فراہم کردہ معلومات کے مطابق اسے 2007 میں نوبیل خاندان کے افراد نے قائم کیا تھا۔ پیٹر نوبیل کی سربراہی میں ٹرسٹ ماحولیاتی بہتری، فضائی آلودگی میں کمی، صاف توانائی، پانی کے تحفظ اور انسانی معیارِ زندگی بہتر بنانے کے لیے پائیدار اور ٹیکنالوجی پر مبنی حل کے فروغ پر کام کررہا ہے۔پنجاب حکومت کے ماحولیاتی اقدامات کو عالمی پلیٹ فارم پر ملنے والی یہ پذیرائی وزیراعلیٰ مریم نواز کی ماحولیاتی ایجنڈے، ڈیجیٹل گورننس اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی مسائل کے حل کی پالیسی کے لیے ایک اہم عالمی اعتراف قرار دی جارہی ہے۔



