مریم اورنگزیب کی امریکی قونصل جنرل سے ملاقات، پنجاب میں مصنوعی ذہانت کے فروغ پر گفتگو

لاہور ( آصف اقبال ) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز سے ملاقات کی، جس میں پنجاب میں مصنوعی ذہانت (AI) کے فروغ، مختلف شعبوں میں اس کے استعمال اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی تعاون کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں کلائمیٹ، ایگریکلچر، سیف سٹیز سمیت مختلف شعبوں کو مصنوعی ذہانت سے منسلک کیا جا رہا ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے باقاعدہ محکمہ قائم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ٹیم کے تمام وزراء نوجوان، متحرک اور عوامی خدمت کے لیے پرجوش ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی توجہ صحت، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے شعبوں پر ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب حکومت ہائی سپیڈ ٹرین اور 5 ہزار الیکٹرک بسوں کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ پنجاب کے بڑے 8 روٹس پر ہائی سپیڈ ٹرین چلانے کے منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے۔ اسلام آباد سے لاہور ہائی سپیڈ ٹرین کے ذریعے سفر کا دورانیہ تقریباً 2 گھنٹے 15 منٹ ہوگا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب میں پاکستان کی پہلی کلائمیٹ آبزرویٹری قائم کی جا رہی ہے جبکہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے فوڈ اور زراعت کے شعبے کی ترقی کے لیے پنجاب ایگریکلچر فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی (PAFDA) قائم کی ہے، جو بین الاقوامی معیار کے مطابق کام کرے گی۔ملاقات کے دوران امریکہ سے ایریگیشن، جدید فارمنگ، لائیو سٹاک ویلیو چین، تعلیم اور زراعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ امریکی تجربات اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے پنجاب میں زراعت سمیت مختلف شعبوں میں ترقی کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں کھیلوں اور انٹرٹینمنٹ کے شعبے میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے جسے مزید اجاگر کیا جا رہا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے امریکی قونصل جنرل سٹیٹسن سینڈرز کو بسنت کے موقع پر بچوں اور فیملیز کے ہمراہ لاہور آنے کی دعوت بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی مہمان بسنت کے دوران لاہور کی ثقافتی، کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔امریکی قونصل جنرل نے ملاقات کے دوران سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی ساس کی طبیعت کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ مریم اورنگزیب نے قونصل جنرل کی آمد اور تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔



