Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

عمران خان کی صحت پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کیلئے رجوع کا فیصلہ

اسلام آباد ( آصف اقبال ) اپوزیشن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہاؤس میں قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی صحت، سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد، پارلیمانی امور اور آئندہ کی سیاسی و عوامی حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں قائدِ حزبِ اختلاف سینیٹ علامہ راجا ناصر عباس، چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، پارلیمانی لیڈر شاہد خٹک، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی، پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔اجلاس کے بعد جاری اعلامیے کے مطابق شرکاء نے عمران خان کی صحت کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ ان کی صحت اور علاج معالجے کے معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔ اعلامیے میں حکومت پر عمران خان کی صحت کے معاملے کو ڈرامہ بنانے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہ ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے آئینی و قانونی راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ اجلاس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد نہ کرکے حکومت توہینِ عدالت کی مرتکب ہوئی ہے، جس کے خلاف کل سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا۔اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 27 ستمبر کو بھرپور احتجاج کا فیصلہ برقرار رکھنے کا اعلان بھی کیا گیا۔ 27 ستمبر کے احتجاج اور لانگ مارچ کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا گیا۔اعلامیے کے مطابق اجلاس میں پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے اور سیاسی سرگرمیوں کو منظم و مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے آئین، جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور پارلیمانی اصولوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتیں باہمی مشاورت، اتحاد اور یکجہتی کے ساتھ آئندہ تمام اہم سیاسی و پارلیمانی فیصلے کریں گی۔مشترکہ پارلیمانی پارٹی نے گرینڈ اپوزیشن الائنس کے قیام کی بھرپور تائید کرتے ہوئے اسے مزید فعال، منظم اور مؤثر بنانے پر اتفاق کیا۔ اعلامیے میں مولانا فضل الرحمن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شمولیت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ وسیع تر اپوزیشن اتحاد سے پارلیمان اور عوام میں اپوزیشن کی آواز مزید مضبوط اور توانا ہوگی۔اجلاس میں اپوزیشن اتحاد کی آئندہ کی سیاسی، پارلیمانی اور عوامی حکمتِ عملی پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی اور اس حوالے سے باہمی رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button