یونان: ہنی مون منانے سیاحتی جزیرے جانے والے نوبیاہتا جوڑے کا ہیلی کاپٹر تباہ؛ ہلاکتیں

یونان کے سیاحتی جزیرے سیفنوس میں ہنی مون کے لیے آنے والے برطانوی نوبیاہتا جوڑے اور ہیلی کاپٹر کے پائلٹ کی حادثے میں موت ہوگئی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا کہ نوبیاہتا جوڑا شادی کے بعد ہنی مون منانے یونان آیا تھا اور نجی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ایتھنز کے قریب واقع گاؤں مارکوپولو سے سیفنوس پہنچ رہا تھا۔ہیلی کاپٹر کو مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 15 منٹ پر لینڈ کرنا تھا تاہم لینڈنگ سے چند لمحے قبل اور ہیلی پیڈ سے صرف چند میٹر کی دوری پر حادثے کا شکار ہوگیا۔مقامی افراد نے بتایا کہ حادثے سے کچھ دیر پہلے ہیلی کاپٹر سے غیر معمولی انجن کی آواز آئی تھی۔ طیارہ گھروں کے انتہائی قریب گرا اور حادثے میں ہیلی کاپٹر اور مسافرکچھ بھی سلامت نہیں بچا تھا۔ایک عینی شاہد نے پولیس کو بتایا کہ ہیلی کاپٹر لینڈنگ پیڈ سے پر تھا کہ اچانک کنٹرول کھو بیٹھا اور زمین سے ٹکرا گیا جس سے ہیلی کاپٹر میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی۔ہیلی کاپٹر کا ملبہ قریبی علاقے میں بکھر گیا جبکہ حادثے کے نتیجے میں اٹھنے والا سیاہ دھواں دور سے دکھائی دیتا رہا۔



