Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعظم شہباز شریف کی صدر آصف زرداری سے ملاقات، علاقائی امن و ملکی سلامتی پر تبادلہ خیال

مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے تاریخی سہ فریقی امن معاہدے پر بریفنگ، دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد( آصف اقبال )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے یومِ آزادی کے موقع پر ایوانِ صدر میں صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور انہیں یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں ملکی و علاقائی صورتحال، داخلی و خارجی امور، امن و سلامتی اور معاشی معاملات سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ و انسدادِ منشیات سید محسن رضا نقوی، اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور سینیٹر شیری رحمان بھی موجود تھیں۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے صدر مملکت کو مکہ مکرمہ میں سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے تاریخی سہ فریقی امن معاہدے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے دفاعی تعاون، علاقائی امن و استحکام اور امتِ مسلمہ کی سلامتی کے فروغ کے لیے معاہدے پر مؤثر عملدرآمد کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے سعودی عرب، ترکیہ اور پاکستان کے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط اور پائیدار تزویراتی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل و چیف آف ڈیفنس فورسز جنرل سید عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہا۔ملاقات کے دوران داخلی و خارجی امور سمیت ملک میں دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور وطن عزیز سے دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری نے موجودہ علاقائی صورتحال کے تناظر میں عوام کو درپیش معاشی مشکلات میں ریلیف فراہم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے اور انہیں مناسب نرخوں پر عوام کے لیے دستیاب رکھنے کی ہدایت کی۔صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ علاقائی اور عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کی مؤثر سفارتی کاوشوں سے عالمی سطح پر ملک کے مقام اور وقار کو مزید تقویت ملے گی، جبکہ ان سفارتی کامیابیوں کے مثبت اثرات ملکی معیشت اور عوام کی زندگیوں پر بھی مرتب ہوں گے۔ملاقات میں پاکستان کے قومی مفادات، علاقائی امن و استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے باہمی تعاون اور مؤثر اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button