پاکستان کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر ہوگا، سعودی سرمایہ کار منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گے محسن نقوی

اسلام آباد ( آصف اقبال ) پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا تھیم پارک اسلام آباد میں تعمیر کرنے کے منصوبے پر پیش رفت ہوئی ہے، جس کے لیے سعودی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے جبکہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) منصوبے کے لیے اراضی فراہم کرے گی۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی مہمان خصوصی تھے۔مفاہمتی یادداشت پر سعودی پاکستان بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد السعود اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے دستخط کیے۔ محسن نقوی نے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود کو مبارکباد دی اور کہا کہ سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔محسن نقوی نے کہا کہ اسلام آباد کے انفراسٹرکچر کو جدید ترین شہروں کے معیار کے مطابق بہتر بنایا جا رہا ہے اور تھیم پارک کا منصوبہ ایک گیم چینجر ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے مزید بتایا کہ آئندہ چند ماہ کے دوران سعودی عرب میں رئیل اسٹیٹ کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کرنے کے لیے روڈ شو منعقد کرنے کا بھی منصوبہ ہے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد مل سکتی ہے۔اس موقع پر شہزادہ منصور بن محمد السعود نے کہا کہ پاکستان، خصوصاً اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے تھیم پارک منصوبے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔تقریب میں سی ڈی اے کے ارکان اور سعودی وفد کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ منصوبے کو اسلام آباد میں تفریحی سہولتوں کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔








