
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ کے رواں ماہ کے آخر میں عہدہ چھوڑنے کی تصدیق کردی ہے۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیرولین لیویٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں وائٹ ہاؤس کی بہترین پریس سیکریٹریز میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ لیویٹ نے اپنے دور میں بھرپور محنت اور ذمہ داری کے ساتھ فرائض انجام دیے۔ٹرمپ کے مطابق کیرولین لیویٹ نے 2018 سے لے کر 2024 کی صدارتی انتخابی مہم سمیت مختلف مراحل میں انصاف، آزادی اور انتظامیہ کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے لیے شاندار کام کیا۔28 سالہ کیرولین لیویٹ امریکی تاریخ کی کم عمر ترین وائٹ ہاؤس پریس سیکریٹری ہیں۔ انہوں نے صدر ٹرمپ کی دوسری انتظامیہ میں اہم ذمہ داری سنبھالی اور وائٹ ہاؤس کی جانب سے میڈیا بریفنگز اور حکومتی پالیسیوں کی وضاحت میں مرکزی کردار ادا کیا۔لیویٹ اکثر وائٹ ہاؤس کی پریس بریفنگز میں صدر ٹرمپ کی پالیسیوں کا دفاع کرتی رہی ہیں اور مختلف ملکی و بین الاقوامی معاملات پر صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتی رہی ہیں۔کیرولین لیویٹ نے عہدہ چھوڑنے کی وجہ اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کی خواہش بتائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی خاندانی زندگی پر زیادہ توجہ دینا چاہتی ہیں۔کیرولین لیویٹ نے رواں سال مئی میں ایک بیٹی کو جنم دیا تھا اور حال ہی میں زچگی کی چھٹی مکمل کرکے وائٹ ہاؤس واپس آئی تھیں۔کیرولین لیویٹ کے عہدہ چھوڑنے کے بعد وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری کے عہدے پر نئی تعیناتی کے حوالے سے حتمی تفصیلات ابھی سامنے نہیں آئی ہیں۔



