آزاد کشمیر میں حکومت سازی: مسلم لیگ ن کا اہم مشاورتی اجلاس 15 اگست کو مری میں طلب

مظفرآباد( آصف اقبال ) آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات 2026 کے نتائج سامنے آنے کے بعد حکومت سازی کے لیے سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ قائد مسلم لیگ ن و سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر میں نئی حکومت کی تشکیل اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی طے کرنے کے لیے پارٹی کا اہم مشاورتی اجلاس مری میں طلب کرلیا ہے۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کا اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس ہفتہ 15 اگست کو صبح 11 بجے گورنر ہاؤس مری میں منعقد ہوگا، جس کی صدارت پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف خود کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے انتخاب کے حوالے سے پارٹی کے اندر جاری مشاورت کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے تین اہم اور سینئر رہنماؤں کے نام زیر غور ہیں، جن میں صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر و اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر، سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر اور سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن چوہدری طارق فاروق شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق مری اجلاس میں تینوں ممکنہ امیدواروں کی سیاسی خدمات، پارٹی میں کردار اور حکومت کی قیادت کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لینے کے بعد آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے حتمی نام پر فیصلہ متوقع ہے۔اجلاس میں صرف حکومت سازی کا معاملہ ہی زیر بحث نہیں آئے گا بلکہ آزاد کشمیر کی مجموعی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل، انتظامی معاملات، ترقیاتی منصوبوں اور نئی حکومت کے آئندہ لائحہ عمل پر بھی تفصیلی غور کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی قیادت آزاد کشمیر میں ایسی حکومت کے قیام کی خواہاں ہے جو گڈ گورننس، سیاسی استحکام اور عوامی مسائل کے فوری حل کو ترجیح دے، جبکہ خطے میں ترقیاتی عمل کو بھی تیز کیا جا سکے۔مری میں ہونے والا اجلاس آزاد کشمیر کی آئندہ سیاسی سمت کے حوالے سے انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد حکومت سازی کے خدوخال اور نئے وزیراعظم کے نام کے بارے میں صورتحال مزید واضح ہونے کا امکان ہے۔



