Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

ناصر حسین شاہ کا شاہراہِ بھٹو، کورنگی کاز وے اور فلائی اوورز کا دورہ، ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے کی ہدایت

کورنگی نمبر 5 فلائی اوور آخری مراحل میں، جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا، وزیر بلدیات سندھ

کراچی ( آصف اقبال ) وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین شاہ نے شاہراہِ بھٹو، کورنگی کاز وے بریج، کورنگی نمبر 5 فلائی اوور سمیت کراچی کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکریٹری ڈاکٹر وسیم شمشاد سمیت متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔وزیر بلدیات سندھ کو مختلف منصوبوں پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، پیش رفت اور تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ناصر حسین شاہ نے شاہراہِ بھٹو کے اطراف سڑکوں کی تزئین و آرائش اور دیگر ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شاہراہِ بھٹو سے ملحقہ سڑکوں کے ترقیاتی منصوبوں میں مزید تیزی لائی جائے۔ناصر حسین شاہ نے شاہراہِ بھٹو سے ڈی ایچ اے کو ملانے والے لوپ اور عائشہ مسجد تک جانے والی رابطہ سڑک کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈی ایچ اے سے عائشہ مسجد تک شاہراہِ بھٹو کے لوپ کے ترقیاتی کام جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولت میسر آسکے۔وزیر بلدیات نے کہا کہ شاہراہِ بھٹو سے ڈی ایچ اے اور عائشہ مسجد تک رابطہ سڑک شہریوں کے لیے اہم سفری سہولت ہے، اس لیے منصوبے کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔انہوں نے کورنگی نمبر 5 فلائی اوور کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ فلائی اوور کا تعمیراتی کام آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور اسے جلد عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ فلائی اوور کی تکمیل سے کورنگی کے شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت اور ٹریفک کی روانی میں بہتری حاصل ہوگی۔اس موقع پر کورنگی کاز وے بریج کے ترقیاتی کاموں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا، جبکہ وزیر بلدیات نے روڈ 12000، روڈ 13000، روڈ 20000 اور ملحقہ سروس روڈ کی تعمیراتی پیش رفت کا معائنہ کیا۔ناصر حسین شاہ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کراچی کے اہم روڈ انفراسٹرکچر منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ منصوبوں کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر ادھورے ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جا رہا ہے اور کسی بھی منصوبے کو ادھورا نہیں چھوڑا جائے گا۔وزیر بلدیات سندھ نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کراچی کی ترقی کا سفر جاری ہے۔ شہر میں جدید روڈ انفراسٹرکچر کو فروغ دیا جا رہا ہے جبکہ کراچی کے شہریوں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سڑکوں اور فلائی اوورز کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت میں ریلیف ملے گا۔ کراچی کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے اور ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ شہری سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے اور کراچی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button