گرمی میں ٹھنڈا رہیں، پنکھے والی شرٹ استعمال کریں

جاپان میں بڑھتی ہوئی گرمی نے روزمرہ لباس کو بھی جدید ٹیکنالوجی سے جوڑ دیا ہے۔ شدید موسم کے پیش نظر جاپانی کمپنی نے ایسی آدھی آستینوں والی شرٹ متعارف کرائی ہے جس میں چھوٹے پنکھے نصب ہیں اور یہ پہننے والے کو چلتے پھرتے ٹھنڈی ہوا فراہم کرتے ہیں۔ملبوسات تیار کرنے والی جاپانی کمپنی یوفوکو نو آویاما نے پنکھوں سے لیس یہ شرٹ، ایئر کولڈ ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی ایف زیڈ این کے اشتراک سے تیار کی ہے۔ بظاہر سادہ دکھائی دینے والی اس شرٹ میں جدید کولنگ سسٹم موجود ہے، جس کا ایک حصہ کمر کے قریب شرٹ کے پچھلے حصے میں نصب کیا گیا ہے۔شرٹ کے دونوں پنکھے ہوا کو لباس کے اندر گردش کراتے ہیں، جس سے جسم کے گرد ٹھنڈک پیدا ہوتی ہے۔ اس میں ری چارج ایبل بیٹری بھی نصب ہے اور کمپنی کے مطابق کولنگ سسٹم کو حتیٰ الامکان ہلکا رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق ہر پنکھے کا وزن تقریباً 95 گرام جبکہ بیٹری پیک 165 گرام وزنی ہے۔ اگرچہ شرٹ کو پیچھے سے دیکھنے پر پنکھوں کی موجودگی محسوس ہوتی ہے، تاہم ڈیزائنرز نے انہیں دیگر زاویوں سے کم نمایاں رکھنے کی کوشش کی ہے تاکہ لباس دفتری ماحول کے لیے بھی موزوں دکھائی دے۔ کمپنی نے پنکھوں سے پیدا ہونے والے شور کی شدت کے بارے میں کوئی واضح تفصیلات فراہم نہیں کیں۔



