جناح ایئرپورٹ پر امیگریشن انتظامات کا جائزہ، محسن نقوی کا مسافروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کی ہدایت

کراچی ( آصف اقبال ) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا دورہ کیا، امیگریشن کاؤنٹرز کا معائنہ کیا اور بیرونِ ملک جانے والے مسافروں کے امیگریشن عمل اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔محسن نقوی نے مسافروں سے امیگریشن کے طریقۂ کار اور سہولیات کے بارے میں دریافت کیا جبکہ بعض مسافروں کی سفری دستاویزات بھی چیک کیں اور ایف آئی اے حکام سے ان کی تصدیق کرائی۔وفاقی وزیر داخلہ نے امیگریشن ٹیم کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاؤنٹرز پر اضافی عملہ تعینات کرنے سے مسافروں کی طویل قطاریں ختم ہو گئی ہیں۔محسن نقوی نے ایئرپورٹ امیگریشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر شہزاد اکبر کی کارکردگی کو بھی خصوصی طور پر سراہا۔انہوں نے ہدایت کی کہ مسافروں کو امیگریشن کے دوران ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے، تاہم نامکمل یا غیر تصدیق شدہ سفری دستاویزات کے حامل مسافروں کو ہرگز سفر کی اجازت نہ دی جائے۔



