کینیڈا ین وزیر خارجہ انیتا آنند کی وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے وزارتِ داخلہ میں ملاقات

اسلام آباد ( آصف اقبال ) کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے وزارتِ داخلہ میں ملاقات کی، جس میں پاکستان اور کینیڈا کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت، سکیورٹی تعاون اور باہمی روابط کے فروغ سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران غیرقانونی امیگریشن، انسانی اسمگلنگ اور سائبر کرائمز کی روک تھام کے لیے مشترکہ تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران کی تربیت اور ایکسچینج پروگرامز کو فروغ دینے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر جلد دستخط کرنے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیرِ غور آئے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید فروغ دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی اور تعلقات کے استحکام میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ مشترکہ مفادات کے شعبوں میں تعاون کے معاہدوں سے پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند نے اس موقع پر کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ باہمی تعاون کو مؤثر بنانے کے لیے ایک جامع فریم ورک مرتب کیا جانا چاہیے۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، کینیڈا کے ہائی کمشنر، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، وزارتِ داخلہ کے ایڈیشنل سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔



