پریش راول نے ’او ایم جی 2‘ کیوں ٹھکرائی؟ وجہ سامنے آگئی

بھارتی سینئر اداکار پریش راول نے پہلی بار ان وجوہات سے پردہ اٹھایا ہے جن کی بنا پر انہوں نے ’او ایم جی 2‘ میں کام کرنے سے انکار کیا۔ایک حالیہ انٹرویو میں پریش راول نے بتایا کہ انہوں نے ہدایت کار اور مصنف امیت رائے کے ساتھ مل کر جنسی تعلیم (سیکس ایجوکیشن) پر مبنی ایک الگ فلم کا تصور پیش کیا تھا۔اداکار کے مطابق کہانی کا اصل تصور انہی کا تھا اور یہ کہانی ایک ایسے لڑکے کے گرد گھومتی تھی جس کی نامناسب ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اس کی زندگی مشکلات کا شکار ہو جاتی ہے جبکہ اس کا والد اس کے لیے انصاف کی جدوجہد کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ’’کہانی میں ایک ایسے کردار کی ضرورت تھی جو والد کی رہنمائی کرے، مگر وہ خدا نہ ہو۔ پہلی ’او ایم جی‘ میں خدا کا کردار اس لیے تھا کیونکہ مقدمہ خدا کے خلاف تھا، لیکن اس نئی کہانی میں اس کی ضرورت نہیں تھی۔‘‘پریش راول کا کہنا تھا کہ ’’فلم کو تعلیمی، دلچسپ اور غیر فحش بنانے کے لیے معروف سیکسولوجسٹ ڈاکٹر پرکاش کوتھاری کو بھی شامل کیا گیا اور اس حوالے سے کئی ملاقاتیں ہوئیں۔اداکار نے انکشاف کیا کہ ’’اس کردار کے لیے پہلے سلمان خان اور پھر اجے دیوگن سے رابطہ کیا، تاہم دونوں نے موضوع غیر روایتی ہونے کی وجہ سے فلم کرنے سے انکار کر دیا۔ پہلے اکشے کمار سے رابطہ نہیں ہوا تھا کیونکہ یہ فلم ’او ایم جی 2‘ کے طور پر نہیں بلکہ ایک الگ منصوبے کے طور پر تیار کی جا رہی تھی۔‘‘پریش راول کے مطابق امیت رائے نے انہیں بتایا کہ اکشے کمار فلم کرنا چاہتے ہیں، لیکن اسکرپٹ پر عارضی طور پر ’او ایم جی 2‘ لکھا ہوا تھا۔ اس بنا پر انہوں نے امیت رائے سے کہا کہ وہ اس منصوبے کا حصہ نہیں بننا چاہتے کیونکہ یہ ان کے اصل تصور سے مختلف ہو چکا ہے۔



