جاپان میں قومی پرچم کی توہین قابلِ سزا جرم قرار

جاپان کی پارلیمنٹ نے ایک نیا قانون منظور کیا ہے جس کے تحت جاپان کے قومی پرچم کی دانستہ توہین کو قابلِ سزا جرم قرار دیا گیا ہے۔جاپان کے اس نئے قانون کے مطابق اگر کوئی شخص جان بوجھ کر قومی پرچم کو جلائے، پھاڑے یا کسی ایسے طریقے سے اس کی توہین کرے جسے بے حرمتی تصور کیا جائے، تو اس کے خلاف فوجداری کارروائی کی جا سکتی ہے جس میں 2 سال تک قید اور 2 لاکھ ین جرمانہ ہوسکتا ہے۔اس قانون کا مقصد قومی علامات کے احترام کو یقینی بنانا اور عوامی نظم و ضبط برقرار رکھنا بتایا گیا ہے۔قانون کے حامیوں کا کہنا ہے کہ بیشتر ممالک کی طرح جاپان کو بھی اپنی قومی علامتوں کے تحفظ کا حق حاصل ہے، جبکہ ناقدین کا مؤقف ہے کہ اس نوعیت کی قانون سازی آزادیٔ اظہار سے متعلق سوالات کو جنم دے سکتی ہے، خاص طور پر ایسے احتجاجی اقدامات کے تناظر میں جن میں قومی پرچم کو علامتی طور پر استعمال کیا جاتا ہے۔جاپانی حکومت کا کہنا ہے کہ قانون کا اطلاق صرف ان صورتوں پر ہوگا جہاں دانستہ اور واضح طور پر بے حرمتی ثابت ہو، اور اس کا مقصد عام شہریوں کی معمول کی سرگرمیوں کو نشانہ بنانا نہیں ہے۔



