ارلنگ ہالینڈ کی ہم شکل روسی ماڈل وائرل، ویڈیو پر 11 کروڑ سے زائد ویوز

فٹبال کے عالمی شہرت یافتہ اسٹار ارلنگ ہالینڈ سے حیران کن حد تک مشابہت رکھنے والی روسی ماڈل انستاشیہ کوسٹرومیٹینا ان دنوں سوشل میڈیا پر غیر معمولی توجہ حاصل کر رہی ہیں۔ ان کے چہرے کی ساخت، سنہرے بال، آنکھوں کے تاثرات، مسکراہٹ اور اندازِ گفتگو نے لاکھوں صارفین کو حیران کر دیا ہے، جبکہ متعدد مداح انہیں ارلنگ ہالینڈ کا ’’لیڈی ورژن‘‘ قرار دے رہے ہیں۔ 24 سالہ انستاشیہ ایک پیشہ ور ماڈل اور سوشل میڈیا انفلوئنسر ہیں، جو اس سے پہلے بھی مختلف معروف برانڈز کے ساتھ کام کر چکی ہیں۔ تاہم انہیں بین الاقوامی سطح پر شہرت اس وقت ملی جب ان کی والدہ ماریہ کوسٹرومیٹینا نے ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انستاشیہ ارلنگ ہالینڈ کے مخصوص انداز، چہرے کے تاثرات اور باڈی لینگویج کی نقل کرتی دکھائی دیں۔ویڈیو میں انستاشیہ نے اپنے سنہرے بال بھی بالکل اسی انداز میں باندھے تھے، جس طرح ارلنگ ہالینڈ اکثر فٹبال میچز کے دوران نظر آتے ہیں۔ ان کے چہرے کے خدوخال، ناک، آنکھوں، مسکراہٹ اور تاثرات کی مماثلت نے صارفین کو اس قدر حیران کیا کہ بہت سے افراد پہلی نظر میں انہیں خود ہالینڈ ہی سمجھ بیٹھے۔



