خفیہ شادی کی تصدیق کے بعد ٹام ہالینڈ اور زینڈایا کی رومانوی تصاویر وائرل

ہالی ووڈ کی مقبول ترین جوڑی ٹام ہالینڈ اور زینڈایا نے اپنی شادی کی تصدیق کے بعد پہلی بار مداحوں کے ساتھ رومانوی تصاویر شیئر کرکے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔اسٹار جوڑے نے روم میں اپنی نئی فلم ’’اسپائیڈرمین: برانڈ نیو ڈے‘‘ کی پروموشنل تقریب کے دوران لی گئی تصاویر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹس پر پوسٹ کیں۔ زینڈایا نے پانچ تصاویر پر مشتمل ایک البم شیئر کیا جس میں وہ 1997 کے ونٹیج جیانی ورساچے لباس میں جلوہ گر نظر آئیں۔ تاہم سب سے زیادہ توجہ آخری تصویر نے حاصل کی، جس میں ٹام ہالینڈ اپنی اہلیہ کے ماتھے پر محبت بھرا بوسہ دیتے دکھائی دیے جبکہ زینڈایا مسکراتے ہوئے کیمرے کی جانب دیکھ رہی تھیں۔ اداکارہ نے تصاویر کے ساتھ مختصر پیغام میں لکھا کہ ’’روم سے سب کو سلام کہنا چاہتی تھی‘‘۔دوسری جانب ٹام ہالینڈ نے بھی اسی تقریب کی تصاویر شیئر کیں جن میں ایک تصویر میں ریڈ کارپٹ پر دونوں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے خوشگوار موڈ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ انہوں نے روم سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے نئی اسپائیڈر مین فلم کی ریلیز کا بھی ذکر کیا۔تصاویر سامنے آتے ہی مداحوں کی خوشی دیدنی تھی۔ سوشل میڈیا صارفین نے اس جوڑی کو ہالی ووڈ کی پسندیدہ ترین جوڑی قرار دیتے ہوئے محبت بھرے تبصروں کی بھرمار کر دی۔ کئی مداحوں نے تصاویر کو ’’ہنی مون وائب‘‘ قرار دیا جبکہ بعض نے انہیں ’’پرفیکٹ کپل‘‘ کا لقب دیا۔یہ تصاویر ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب چند روز قبل ٹام ہالینڈ نے بالآخر اپنی شادی کی تصدیق کی تھی۔ ایک حالیہ انٹرویو میں ان سے مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی وائرل شادی کی تصاویر کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے دلچسپ انداز میں کہا کہ انہیں کسی کو وضاحت دینے کی ضرورت نہیں پڑی کیونکہ ’’سب لوگ وہاں موجود تھے‘‘۔ ان کے اس مختصر جواب کو مداحوں نے شادی کی تصدیق کے طور پر لیا۔



