میسی کے والد کے انتقال کی جھوٹی خبر نشر کرنے والی ٹی وی میزبان مستعفی

ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کے والد کے انتقال کی جھوٹی خبر نشر کرنے پر معروف ٹی وی پریزینٹر فلورینسیا پینا نے معافی مانگنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 51 سالہ ٹی وی میزبان فلورینسیا پینا نے ایک لائیو پروگرام کے دوران دعویٰ کیا تھا کہ میسی کے والد کا اچانک انتقال ہوگیا ہے۔پروگرام کے دوران انہوں نے کہا کہ میں کوئی بری خبر دینا نہیں چاہتی لیکن آپ کو بتانا پڑے گا کہ میسی کے والد ابھی ابھی انتقال کر گئے ہیں، یہ سب کچھ اچانک ہوا ہے۔لائیو نشریات کے بعد یہ خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی اور ارجنٹائن بھر میں فٹبال شائقین میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم کچھ دیر بعد خود فلورینسیا پینا نے وضاحت کی کہ وہ اس خبر کی تصدیق نہیں کر سکی ہیں۔جب یہ خبر میسی کے خاندان تک پہنچی تو اہل خانہ نے فوری طور پر اس کی تردید کرتے ہوئے اسے بے بنیاد اور جھوٹا قرار دیا۔ خاندان کے مطابق میسی کے والد کی طبیعت ضرور ناساز ہے اور وہ ایک نامعلوم بیماری کے باعث زیر علاج ہیں، تاہم ان کی حالت بہتر ہو رہی ہے اور ان کے انتقال کی خبریں سراسر غلط ہیں۔واقعے کے بعد فلورینسیا پینا نے سوشل میڈیا پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے میسی کے خاندان سے معذرت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اطلاع انہیں اپنی پروڈکشن ٹیم سے موصول ہوئی تھی جس پر انہوں نے بھروسہ کر لیا۔



