
تہران: ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا پر خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل امریکی حمایت اور اجازت کے بغیر خطے میں کوئی اہم کارروائی نہیں کرسکتا۔تہران میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پیش آنے والے واقعات اور خطے میں دوبارہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کی اصل ذمہ داری امریکا پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے اقدامات کو امریکی پالیسیوں سے الگ نہیں دیکھا جا سکتا کیونکہ دونوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ایرانی ترجمان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی یہ بات تسلیم نہیں کرسکتا کہ اسرائیل امریکا کے ساتھ مکمل رابطے اور منظوری کے بغیر خطے میں فوجی یا سیاسی اقدامات کرے۔ ان کے مطابق حالیہ کشیدگی ایک منظم منصوبے کا حصہ ہے جس نے جنگ بندی کے عمل کو نقصان پہنچایا اور خطے میں عدم استحکام کو مزید بڑھا دیا۔



