جی پی ایس پر انحصار مہنگا پڑگیا، خاتون کار ٹرین کی پٹری پر لے گئیں، ویڈیو وائرل

امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیٹل میں ایک حیران کن واقعے میں 70 سالہ خاتون نے جی پی ایس کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنی کار براہِ راست لائٹ ٹرین کی پٹری پر چلا دی، جس کے باعث ٹرین سروس عارضی طور پر معطل ہوگئی۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب خاتون ڈرائیور راستہ تلاش کرنے کے لیے جی پی ایس سسٹم پر انحصار کر رہی تھیں، تاہم سسٹم کی غلط رہنمائی کے باعث وہ سڑک کے بجائے ٹرین کی پٹری پر پہنچ گئیں۔خاتون کا کہنا تھا کہ وہ مکمل طور پر جی پی ایس کی ہدایات پر عمل کر رہی تھیں اور انہیں اندازہ ہی نہیں ہوا کہ گاڑی عام سڑک کے بجائے ریل کی پٹری پر آ گئی ہے۔عینی شاہدین کے مطابق خاتون کافی دیر تک پٹری پر گاڑی چلاتی رہیں، جس کے باعث علاقے میں ٹرین سروس متاثر ہوئی اور مسافروں کو تاخیر کا سامنا کرنا پڑا۔رپورٹس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر ڈیپارٹمنٹ نے موقع پر پہنچ کر ہیوی مشینری کی مدد سے گاڑی کو ریل کی پٹری سے ہٹا دیا اور ٹریفک بحال کرنے کے اقدامات شروع کیے۔



