انسٹاگرام اکاؤنٹس خطرے میں، میٹا کا اے آئی چیٹ بوٹ ہیکرز کا معاون بن گیا

میٹا کی جانب سے متعارف کرایا گیا اے آئی سپورٹ چیٹ بوٹ جو فیس بک اور انسٹاگرام صارفین کے لاک اکاؤنٹس کی ریکوری کے لیے بنایا گیا تھا، اب خود ایک بڑے سیکیورٹی خدشے کی وجہ بن گیا ہے، کیونکہ رپورٹس کے مطابق ہیکرز نے اسی نظام کو اکاؤنٹس ہائی جیک کرنے کے لیے استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔میٹا نے دسمبر 2025 میں یہ اے آئی اسسٹنٹ اس مقصد کے لیے متعارف کرایا تھا کہ اکاؤنٹ ریکوری کا عمل تیز اور آسان بنایا جا سکے، تاہم سیکیورٹی محققین کے مطابق اس ٹول نے غیر متوقع طور پر ہیکرز کے لیے راستے بھی کھول دیے ہیں۔ تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ سسٹم بعض صورتوں میں انسٹاگرام اکاؤنٹس پر کنٹرول حاصل کرنے کے عمل کو انتہائی آسان بنا دیتا ہے، یہاں تک کہ دو مرحلہ (ٹو فیکٹر) تصدیق کے باوجود بھی۔یہ انکشاف ایکس (سابق ٹوئٹر) پر موجود متعدد سیکیورٹی ماہرین نے کیا ہے، جن کے مطابق اس ہیکنگ طریقہ کار سے متعلق تفصیلات، اسکرین شاٹس اور ویڈیوز ٹیلیگرام پر بھی گردش کر رہی ہیں۔ ان رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہیکرز اے آئی چیٹ بوٹ کو ہدایت دیتے ہیں کہ کسی مخصوص اکاؤنٹ سے منسلک ای میل ایڈریس تبدیل کیا جائے، جس کے بعد پاس ورڈ ری سیٹ کے ذریعے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کر لی جاتی ہے۔رپورٹس کے مطابق ٹیلیگرام پر مارچ سے اس خامی پر بحث جاری تھی، تاہم اب اس کے عملی استعمال کے شواہد سامنے آنے کے بعد معاملہ مزید سنگین ہو گیا ہے۔ میٹا کے ایک عہدیدار اینڈی اسٹون نے تصدیق کی ہے کہ کمپنی اس مسئلے کو درست کرنے پر کام کر رہی ہے اور متاثرہ اکاؤنٹس کی جانچ پڑتال بھی جاری ہے۔



