اداکارہ بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ اگر کوئی ان کی تین بار کالز کے بعد فون نہ اٹھائے یا میسج کا جواب نہ دے تو وہ ان کا نمبر بلاک یا ڈیلیٹ کردیتی ہیں۔معروف اداکارہ اور کامیڈین بشریٰ انصاری نے اپنے وی لاگ ’ڈیلیٹ ود لوو‘ پر اپنے موبائل فون کی اہمیت پر گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ آج کل موبائل فون کے کئی فوائد ہیں لیکن بہت سی مصیبتیں بھی آئیں، واٹس ایپ کی وجہ سے کئی سہولتیں بھی آئیں لیکن اس ایپ کی وجہ سے کئ لوگ ایکسپوز بھی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ واٹس ایپ پر اگر آپ کسی کو میسج کرتے ہیں تو بلیو ٹک کی وجہ سے معلوم ہوجاتا ہے کہ سامنے والے شخص نے میسج پڑھ لیا ہے لیکن کچھ لوگ چالاکی کرتے ہیں اور اپنا بلیو ٹک ہٹا دیتے ہیں تاکہ میسج کرنے والے شخص کو معلوم نہ ہو کہ میسج سین ہوگیا ہے۔اداکارہ نے کہا کہ ان کے پاس بہت سی کالز آتی ہیں جن سے ان کا کوئی تعلق نہیں یا وہ ان سے بات نہیں کرنا چاہتیں، بشریٰ انصاری نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’لیکن جب قریبی دوست آپ کا فون نہ اُٹھائے یا میسج کا جواب نہ دے تو اس کا مطلب آپ ان کے لیے اہم نہیں ہیں‘۔اداکارہ نے کہا کہ اگر کوئی تیسری بار میری کال یا میسج کا جواب نہ دیں تو میں ان کا نمبر ڈیلیٹ کردیتی ہوں یا بلاک کردیتی ہوں۔بشریٰ انصاری نے کہا کہ ’لوگ اس پر ہنستے ہیں، لیکن کچھ لوگوں کا میں صرف نمبر ڈیلیٹ کرتی ہوں انہیں اپنی زندگی سے ڈیلیٹ نہیں کرتی۔‘
0