
لاہور( آصف اقبال) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عیدالاضحی کے موقع پر صفائی، سکیورٹی اور ٹرانسپورٹ کے مؤثر انتظامات کیلئے ستھرا پنجاب پروگرام کے تمام افسران اور ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ ڈی جی پی آر میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی گئی ہے جبکہ اوورچارجنگ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے روٹ پرمٹ اور فٹنس سرٹیفکیٹس منسوخ کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ چاند رات پر آتش بازی، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ اور اسلحے کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی جبکہ بغیر فٹنس گاڑیوں اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ شہریوں میں ایک کروڑ بیس لاکھ ویسٹ بیگز تقسیم کیے جا رہے ہیں اور “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت جون 2026 تک ایک لاکھ ساٹھ ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔اس موقع پر بلال یاسین نے کہا کہ عیدالاضحی کے دوران مویشی منڈیوں، مساجد اور نماز عید اجتماعات کیلئے 40 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے جبکہ واسا کے 21 ہزار ملازمین ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں دہشت گردی کے خدشات کے پیش نظر انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں اور متعدد مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔



