سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا کادیئرکولووا نے وفد کے ہمراہ ملاقات

لاہور( آصف اقبال )سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے اقوام متحدہ پاپولیشن فنڈ (UNFPA) کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا کادیئرکولووا نے وفد کے ہمراہ سپیکر ہاؤس ملاقات کی۔ ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چودھری عامر حبیب، ایڈوائزر برائے سپیکر و سربراہ پارلیمنٹری ڈویلپمنٹ یونٹ اسامہ خاور گھمن سمیت UNFPA کے اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔ وفد نے پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 کی تاریخی منظوری پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی۔ اس قانون کے تحت لڑکیوں اور لڑکوں دونوں کے لیے شادی کی کم از کم عمر 18 سال مقرر کی گئی ہے، جسے بچوں کے حقوق کے تحفظ، خواتین کی فلاح اور سماجی انصاف کے فروغ کی جانب ایک اہم اور انقلابی اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔ ملاقات کے دوران پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 پر مؤثر عملدرآمد، ری پروڈکٹیو ہیلتھ بل، آبادی میں توازن، گورننس کی بہتری، خواتین اور بچوں کی صحت، تعلیم، سماجی تحفظ اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ UNFPA اور پنجاب اسمبلی کے درمیان مفاہمتی یادداشت (MOU) کے تحت جاری تعاون کو مزید مؤثر اور وسعت دینے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ ترقی یافتہ، متوازن اور ذمہ دار معاشرے کے قیام کے لیے خواتین، بچوں اور نوجوانوں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی عوامی فلاح، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی سے متعلق مؤثر قانون سازی کے عمل کو مزید مضبوط بنائے گی۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آبادی اور ترقی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مربوط پالیسی سازی، ادارہ جاتی اشتراک اور پارلیمانی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خاں نے UNFPA کے ساتھ جاری شراکت داری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ خواتین کی صحت، تعلیم، بااختیار بنانے اور سماجی تحفظ کے شعبوں میں بین الاقوامی اداروں کے تعاون سے مزید مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ UNFPA کی نمائندہ ڈاکٹر گلنارا کادیئرکولووا نے پنجاب اسمبلی کی جانب سے کی جانے والی اصلاحاتی قانون سازی، ویمن کاکس اور چائلڈ رائٹس کاکس کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب چائلڈ میرج ریسٹرینٹ ایکٹ 2026 بچوں کے حقوق اور صنفی مساوات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے کہا کہ UNFPA پاکستان میں خواتین اور بچوں کی فلاح، صحتِ عامہ اور آبادی سے متعلق آگاہی کے فروغ کے لیے پنجاب اسمبلی کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا۔



