’’بھارت نے مجھے دھوکا دیا‘‘، مندانا کریمی نے 16 سال بعد ایران واپسی کا اعلان کردیا

بگ باس سیزن 9 سے شہرت حاصل کرنے والی ایرانی نژاد بھارتی اداکارہ مندانا کریمی نے 16 سال بعد بھارت چھوڑ کر ایران واپس جانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ اداکارہ کے اس اعلان نے بھارتی شوبز انڈسٹری اور سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔مندانا کریمی نے حالیہ علاقائی کشیدگی اور امریکا و اسرائیل کی ایران پر جنگ کے بعد اپنے جذباتی بیان میں کہا کہ انہوں نے بھارت چھوڑنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے اور اب وہ ایران منتقل ہونے کی تیاری کر رہی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا سامان تقریباً تیار ہے اور وہ جلد سفر کے لیے روانہ ہوں گی۔اداکارہ نے انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں دعویٰ کیا کہ ممبئی میں ایک احتجاج میں حصہ لینے کے بعد انہیں سماجی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور کئی دوستوں نے ان سے فاصلے اختیار کر لیے۔ ان کے مطابق اس صورتحال نے انہیں شدید ذہنی دباؤ میں مبتلا کردیا اور انہیں محسوس ہوا کہ بھارت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ایک سوال کے جواب میں، جو ان سے ممبئی چھوڑنے سے متعلق کیا گیا تھا، مندانا کریمی نے ایئرپورٹ سے ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے جذباتی انداز میں کہا کہ انہوں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ انہیں اس طرح بھارت کو الوداع کہنا پڑے گا۔ ان کے الفاظ تھے کہ ’’گڈ بائے انڈیا‘‘۔اداکارہ نے مزید کہا کہ بھارت میں 16 سال گزارنا ان کے لیے ایک طویل سفر تھا، تاہم حالیہ واقعات نے ان کے لیے یہاں رہنا مشکل بنا دیا ہے۔ ان کے مطابق ایران سے متعلق معاملے پر ان کے قریبی حلقوں نے بھی ان کا ساتھ نہیں دیا۔



