Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردی شکست دینے کیلئے پرعزم ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر

راولپنڈی (آصف اقبال)  چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج قوم کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردی کو شکست دینے اور ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ فوجی دستوں کو ہر وقت چوکس اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں کور کمانڈر پشاور نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران انہیں خیبر پختونخوا کی مجموعی سکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامی اقدامات اور صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے ان کی ثابت قدمی اور عزم کی تعریف کی۔ انہوں نے فارمیشنز کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
چیف آف ڈیفنس فورسز نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے عزم پر قائم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر بھی حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے دفاع کے لیے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button