خبردار! آپ کی فیس بک پوسٹ کسی سائبر کرائم مافیا کی منفی سرگرمی کا ذریعہ بن سکتی ہے

فیس بک استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سوشل میڈیا پر کوئی بھی پوسٹ شیئر کرنے سے پہلے اچھی طرح سوچ لیں، کیونکہ عوامی (پبلک) پوسٹس مستقبل میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے آسانی سے تلاش کی جا سکیں گی، جس سے رازداری اور آن لائن سیکیورٹی سے متعلق خدشات پیدا ہو سکتے ہیں۔ماہرین کے مطابق اگر کسی صارف نے ماضی میں کسی ذاتی معاملے، دوست سے ہونے والے تنازع یا کسی حساس موضوع پر عوامی پوسٹ کی ہو تو ممکن ہے کہ آئندہ اے آئی سرچ فیچر کے ذریعے وہ معلومات چند لمحوں میں سامنے آجائیں، حالانکہ پہلے انہیں ہزاروں پوسٹس میں تلاش کرنا آسان نہیں تھا۔رپورٹس کے مطابق فیس بک اپنے سرچ سسٹم میں مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک نیا فیچر متعارف کرانے کی تیاری کررہا ہے، جس کے بعد سرچ بار روایتی انداز میں صرف الفاظ تلاش کرنے کے بجائے ایک چیٹ اسسٹنٹ کی طرح سوالات کے جواب بھی فراہم کرے گا۔ اس نظام کے تحت صارفین کئی برس پرانی عوامی پوسٹس، تبصروں اور دیگر دستیاب معلومات تک بھی نسبتاً آسانی سے رسائی حاصل کرسکیں گے۔



