چین نے شہد کی مکھیوں کا دماغ کنٹرول کرنیکی ڈیوائس بنالی

چین میں سائنس دانوں کی ایک ٹیم نے ذہن کنٹرول کرنے والی دنیا کی سب سے کم وزن ڈیوائس بنانے کا دعویٰ کردیا۔ سائنس دانوں نے یہ ڈیوائس شہد مکھیوں کے لیے بنائی ہے۔یہ چھوٹی سی دماغ کنٹرول کرنے والی ڈیوائس صرف 74 ملی گرام وزنی ہے جس کے متعلق محققین کا کہنا ہے کہ یہ مکھی کے پیٹ میں موجود اس خانے جس میں پھول کا رس جمع ہوتا ہے سے بھی ہلکی ہے۔پروفیسر ژاؤ جیلیانگ کی رہنمائی میں کام کرنے والی بیجنگ انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کی ٹیم کا کہنا تھا کہ ڈیوائس کا سسٹم سیدھا مکھی کے دماغ سے جڑتا ہے۔جب ڈیوائس کو شہد کی مکھی کی پشت پر رکھا جاتا ہے تو اس سے نکلنے والی تین سوئیاں مکھی کے دماغ میں لگا دی جاتی ہیں۔ جس کے بعد آپریٹرز مکھی کے دماغ میں برقی پلسز بھیج سکتے ہیں اور مطلوبہ سمتوں میں اڑنے کی ہدایات جاری کر سکتے ہیں۔چائینیز جرنل آف مکینیکل انجینئرنگ میں شائع ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا کہ دورانِ آزمائش مکھیوں نے 90 فی صد تک درستی کے ساتھ آپریٹر کی ہدایات مانیں۔