پاک انگلینڈ سیریز کے دوران انگلش ٹیسٹ کپتان بین اسٹوکس کے گھر میں چوری
انگلش ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس کے گھر پر نقاب پوش گینگ نے پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیسٹ سیریز کے دوران ڈکیتی کی واردات میں قیمتی اشیا چرا لی۔33 سالہ انگلش کپتان بین اسٹوکس نے بتایا کہ ڈکیتی کے دوران ان کے اہلخانہ کو کسی قسم کا جسمانی نقصان نہیں پہنچا، تاہم ان کے گھر سے بہت سی قیمتی اشیا چوری کی گئی ہیں۔چوری کی واردات ملتان میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ کے دوران ہوئی جب بین اسٹوکس کی اہلیہ کلیئر اور ان کے بچے لیٹون اور لبی گھر میں موجود تھے۔بین اسٹوکس نے سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ ’17 اکتوبر کی شام کو کچھ نقاب پوش افراد نے کیسل ایڈن کے علاقے میں میرے گھر میں چوری کی۔‘انگلش کپتان کا کہنا تھا کہ ’چور زیورات، قیمتی سامان اور دیگر اشیا چوری کرکے فرار ہوگئے، ان میں بہت سی اشیا میرے اور اہلخانہ کے لیے یادگار کے طور پر تھیں۔‘انہوں نے اپنے پیغام میں لوگوں سے چوروں کی شناخت کرنے میں مدد کی درخواست کی۔