’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کا نیا ٹریلر جاری، ڈاکٹر ڈوم کی واپسی نے مداحوں کو چونکا دیا

مارول اسٹوڈیوز کی نئی سپر ہیرو فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کا نیا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے، جس میں ڈاکٹر ڈوم کی حیران کن جھلک نے مداحوں میں فلم کے حوالے سے تجسس مزید بڑھا دیا ہے۔ ٹریلر میں ایک ایسے ڈاکٹر ڈوم کو دکھایا گیا ہے جو بظاہر اندرونی کشمکش اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار نظر آتا ہے، جبکہ شائقین کو پہلی مرتبہ ولن کے کردار کو زیادہ قریب سے دیکھنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔فلم کی سب سے بڑی خاص بات رابرٹ ڈاؤنی جونیئر کی واپسی ہے، تاہم اس مرتبہ وہ آئرن مین نہیں بلکہ خطرناک ولن ڈاکٹر ڈوم کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ کے بعد یہ پہلی بار ہے کہ رابرٹ ڈاؤنی جونیئر مارول سنیماٹک یونیورس میں واپس آئے ہیں، جہاں ان کا سامنا ایک پوری سنیماٹک یونیورس سے ہوگا۔یہ ٹریلر دراصل وہی فوٹیج ہے جو گزشتہ ماہ سان ڈیاگو کامک کان میں خصوصی طور پر دکھائی گئی تھی، تاہم اب اسے عام شائقین کے لیے بھی جاری کردیا گیا ہے۔ اس سے ایک روز قبل 14 اگست کو ڈزنی کے D23 پروگرام میں بھی ٹریلر پیش کیا گیا تھا۔ٹریلر کی نمائش سے پہلے تقریب میں ہیو جیکمین کی ایک خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی، جس میں وہ ’ولورین‘ کے روپ میں فلم کے بارے میں گفتگو کرتے نظر آئے۔ دلچسپ بات یہ تھی کہ ویڈیو میں ان کے ساتھ موجود نہ دکھائی دینے والا ڈیڈپول مسلسل انہیں ٹوکتا اور سرگوشیوں میں بتاتا رہا کہ انہیں کیا کہنا چاہیے۔



