مشہور برطانوی گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں

اپنی منفرد آواز اور لازوال گانوں کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کرنے والی برطانوی پاپ گلوکارہ بونی ٹائلر 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔ ان کے اہلِ خانہ نے جمعرات کو ان کی وفات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی ہفتوں سے پرتگال کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج تھیں، جہاں بیماری کے باعث ان کا انتقال ہوگیا۔گلوکارہ کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ بونی ٹائلر کے اہلِ خانہ اور ان کی ٹیم گہرے صدمے میں ہیں۔ بیان کے مطابق وہ جس بیماری کا علاج کروا رہی تھیں، اسی کے باعث گزشتہ شب پرتگال کے اسپتال میں ان کا انتقال ہوا۔ویلز سے تعلق رکھنے والی بونی ٹائلر نے 1970 اور 1980 کی دہائی میں اپنی منفرد آواز اور یادگار گانوں ’’ٹوٹل ایکلیپس آف دی ہرٹ‘‘، ہولڈنگ آؤٹ فار اے ہیرو‘‘ اور دیگر کے ذریعے عالمی شہرت حاصل کی۔ ان کی منفرد آواز ہی ان کی پہچان بن گئی تھی اور اسی انداز نے انہیں موسیقی کی دنیا میں ایک منفرد مقام دلایا۔



