دلجیت دوسانجھ کی شہریت پر سوالات، کیا پنجابی سپر اسٹار نے بھارتی شہریت چھوڑ دی؟

پنجابی گلوکار اور اداکار دلجیت دوسانجھ ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، تاہم اس بار وجہ ان کا فن نہیں بلکہ شہریت سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں ہیں، جنہوں نے مداحوں میں نئی بحث چھیڑ دی ہے۔سوشل میڈیا اور مختلف بھارتی میڈیا رپورٹس میں یہ دعوے سامنے آرہے ہیں کہ دلجیت دوسانجھ نے ممکنہ طور پر بھارتی شہریت ترک کرکے امریکی شہریت اختیار کر لی ہے۔ رپورٹس کے مطابق کہا جا رہا ہے کہ انہوں نے 2022 میں امریکی شہریت حاصل کی اور اس کے بعد بھارتی پاسپورٹ کے بجائے امریکی سفری دستاویزات استعمال کرنا شروع کر دیے۔ذرائع کے مطابق ستمبر 2022 کے بعد بھارت آمد کے لیے دلجیت مبینہ طور پر ای ویزا استعمال کرتے رہے ہیں، جس سے ان قیاس آرائیوں کو مزید تقویت ملی کہ شاید وہ بھارتی شہریت سے دستبردار ہو چکے ہیں۔رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان کا آخری بھارتی پاسپورٹ 2018 میں ممبئی سے جاری ہوا تھا، جبکہ ان کی اہلیہ سندیپ کور پہلے ہی امریکی شہری ہیں۔ مزید یہ کہ دلجیت نے اپنے سرکاری کاغذات میں کیلیفورنیا کو اپنی رہائش گاہ ظاہر کیا ہے۔اگرچہ دلجیت اکثر اپنے شوز میں ’’میں ہوں پنجاب‘‘ کا نعرہ لگا کر اپنی سرزمین سے محبت کا اظہار کرتے ہیں، لیکن ان خبروں نے ان کے مداحوں کو حیرت میں مبتلا کر دیا ہے۔



