دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 کے ٹریلر میں ہانیہ عامر کو دیکھ کر مداح حیران

پنجابی بھارتی اداکار و گلوکار دلجیت دوسانجھ کی فلم سردار جی 3 کا ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے جس میں ہانیہ عامر کو دیکھ کر مداح حیران ہوگئے ہیں۔پنجابی فلم سردار جی 3 کا آفیشل ٹریلر یوٹیوب پر وائٹ ہِل میوزک کے چینل سے جاری کیا گیا ہے۔ فلم میں دلجیت دوسانجھ، نیرو باجوہ، ہانیہ عامر، ناصر چنیوٹی اور دیگر مشہور پنجابی اداکار شامل ہیں۔ فلم کی شوٹنگ برطانیہ میں کی گئی ہے۔ٹریلر میں ہانیہ عامر کے نمایاں مناظر نے مداحوں کو خوشگوار حیرت میں ڈال دیا ہے کیونکہ پہلے خبریں گردش کر رہی تھیں کہ ان کا کردار فلم سے نکال دیا گیا ہے اور اسے دوبارہ شوٹ کیا گیا ہے۔ تاہم ہانیہ عامر نہ صرف فلم کا حصہ ہیں بلکہ انہیں ٹریلر میں خاطر خواہ اسکرین ٹائم دیا گیا ہے جس پر ان کے مداح بےحد خوش ہیں۔مداحوں نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے فلم میں ہانیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ ایک صارف نے لکھا، وہ لوگ کہاں ہیں جو کہتے تھے ہانیہ کو فلم سے نکال دیا گیا؟ ایک اور نے کہا،ہانیہ نے ‘میرے ہمسفر’ سے غیر ملکی پنجابی سنیما تک اپنی صلاحیت کا لوہا منوایا ہے۔