عالمی برادری بھارت کی نسل پرستانہ بیان بازی میں اضافے کا سنجیدگی سے نوٹس لے، پاکستانی سفیر

واشنگٹن:امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت کی نسل پرستانہ بیان بازی میں خطرناک حد تک اضافہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے کیلیفورنیا میں ورلڈ افیئرز کونسل کے زیر اہتمام ایک اجلاس سے خطاب میں بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ انتہاپسند ہندوتوا نظریہ اور آر ایس ایس کے اثر و رسوخ سے چلنے والی تسلط پسند بھارتی حکومت کی نسل پرستانہ بیان بازی میں خطرناک حد تک اضافہ کا سنجیدگی سے نوٹس لے، اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز اقدامات علاقائی امن و استحکام اور سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہیں۔رضوان سعید شیخ نے کہا کہ پاکستان کا معاشی استحکام اور ترقی ایک مستحکم اور محفوظ علاقائی ماحول سے جڑی ہے، پاکستان نے بھارتی جارحیت کو موثر طریقے سے پسپا کرکے اپنے غیر متزلزل عزم، طاقت اور صلاحیت کا مظاہرہ کیا، بھارت نے مستقبل میں بھی کوئی مہم جوئی کی تو پاکستان اپنی سالمیت کا بھرپور دفاع کریگا۔رضوان سعید شیخ نے بین الاقوامی معاہدوں اور قانونی فریم ورک کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر بھی زور دیا خاص طور پر بین الاقوامی آبی وسائل کے حوالے سے جو قومی سلامتی اور خطے کے کروڑوں لوگوں کی پائیدار ترقی سے گہرا تعلق رکھتے ہیں۔پاکستانی سفیر نے خطے میں حالیہ جنگ بندی کے حوالے سے امریکہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع تر اور کثیر الجہتی شراکت داری بشمول انسداد دہشت گردی کے خلاف دو طرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔