لبنان؛ حضرت عیسیٰ کے مجسمے کی بیحرمتی کرنے پر 2 اسرائیلی فوجیوں کو قید کی سزا

لبنان کے جنوبی علاقے میں حزب اللہ کے خلاف آپریشن کرنے والی اسرائیلی فوج کے دو اہلکاروں نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے مجسمے کو گرا کر اس پر ہتھوڑے مارے اور ویڈیو بنائی۔ اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں حضرت عیسیٰؑ کے ایک مجسمے کو ہتھوڑے سے توڑنے اور ویڈیو بنانے میں ملوث دو اہلکاروں کے خلاف محکمہ جاتی تحقیقات کی گئی۔جس میں یہ بات سامنے آئی کہ مجسمہ توڑنے والا فوجی اور واقعے کی فلم بندی کرنے والے فوجی سمیت کم از کم 6 دیگر اہلکار موقع پر موجود تھے لیکن کسی نے نہ تو مداخلت کی اور نہ ہی واقعے کی رپورٹ دی۔اسرائیلی فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ انکوائری کے بعد واقعے میں براہ راست ملوث 2 اہلکاروں کو نہ صرف جنگی ڈیوٹی سے ہٹا دیا گیا بلکہ 30 دن قید کی سزا دی گئی جو فوجی جیل میں کاٹیں گے۔علاوہ ازیں واقعے کے وقت عہاں موجود دیگر 6 فوجی اہلکاروں کے خلاف مزید تادیبی کارروائی زیر غور ہے۔ یہ فیصلہ 162 ویں ڈویژن کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سگیو ڈاہان کی سفارش پر کیا گیا۔



