Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

وزیراعظم شہباز شریف کا دورۂ کرغستان مکمل، 16 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط، تجارت 200 ملین ڈالر تک بڑھانے پر اتفاق

لاہور ( آصف اقبال )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغستان کا دورہ مکمل کرلیا اور وطن واپسی کے لیے پاکستان روانہ ہوگئے۔ کرغستان کے صدر صادر ژاپاروف نے بشکیک ایئرپورٹ پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کو الوداع کیا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دورۂ کرغستان کے دوران شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس اور ایس سی او پلس اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کیا، جہاں انہوں نے علاقائی تعاون، اقتصادی روابط اور باہمی مفادات کے فروغ سمیت اہم امور پر پاکستان کا مؤقف پیش کیا۔دورے کے دوران وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان اور کرغستان کے درمیان اعلیٰ سطحی وفود کی ملاقات بھی ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔وزیراعظم کے دورے کی اہم پیش رفت کے طور پر پاکستان اور کرغستان کے درمیان مختلف شعبوں میں 16 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ ان مفاہمتی یادداشتوں کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینا ہے۔دونوں ممالک نے باہمی تجارت کو آئندہ دو سال کے دوران 200 ملین امریکی ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا بھی اظہار کیا، جو پاکستان اور کرغستان کے درمیان اقتصادی روابط کے فروغ کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورۂ کرغستان دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے اور علاقائی تعاون کے فروغ کے حوالے سے اہم پیش رفت ثابت ہوا ہے۔وزیراعظم آفس میڈیا ونگ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف دورہ مکمل کرنے کے بعد پاکستان روانہ ہوگئے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button