Select Language:
Urdu / English /Spanish / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

جیفری ایپسٹین کے قریبی ساتھی کی لاش گھر سے برآمد، پراسرار موت سے فرانس میں ہلچل

پیرس: فرانس میں امریکی سرمایہ کار اور جنسی جرائم کے مجرم جیفری ایپسٹین سے تعلق رکھنے والے فرانسیسی ماڈلنگ اسکاؤٹ ڈینیئل سیاد اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔ فرانسیسی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 69 سالہ ڈینیئل سیاد پیرس کے نواحی علاقے میں واقع اپنی رہائش گاہ سے مردہ حالت میں ملے۔ واقعے کے بعد فرانسیسی استغاثہ نے موت کی وجہ معلوم کرنے کے لیے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق ڈینیئل سیاد ان افراد میں شامل تھے جن پر الزام تھا کہ انہوں نے جیفری ایپسٹین کو خواتین کی اسمگلنگ اور جنسی استحصال میں مدد فراہم کی۔ تاہم ان سے تاحال تفتیش نہیں کی گئی تھی۔رپورٹس کے مطابق ڈینیئل سیاد نے اپنے خلاف تمام الزامات کی تردید کی تھی اور مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ تفتیش کاروں کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرنا چاہتے ہیں۔فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کیا جائے گا، جس کے بعد مزید حقائق سامنے آنے کی توقع ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈینیئل سیاد کا نام ایپسٹین سے متعلق ڈی کلاسیفائیڈ دستاویزات میں ایک ہزار سے زائد مرتبہ سامنے آیا تھا۔ ان دستاویزات میں ان کے اور ایپسٹین کے درمیان ہونے والی بعض گفتگوؤں کا بھی ذکر موجود ہے۔رپورٹس کے مطابق 2014 میں ایپسٹین کو بھیجے گئے ایک پیغام میں سیاد نے خواتین کی تلاش اور بھرتی کے عمل کو ماہی گیری سے تشبیہ دیتے ہوئے لکھا تھا کہ کبھی جلد کامیابی مل جاتی ہے اور کبھی کوئی مچھلی ہاتھ نہیں آتی۔ڈینیئل سیاد کا مؤقف تھا کہ جیفری ایپسٹین نے ان کے اعتماد کا غلط فائدہ اٹھایا۔فرانس میں اس سے قبل معروف ماڈلنگ ایجنٹ ژاں لوک برونیل کو بھی ایپسٹین کے لیے خواتین فراہم کرنے کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تھا، تاہم وہ 2022 میں جیل میں مردہ پائے گئے تھے۔یاد رہے کہ جیفری ایپسٹین 2019 میں امریکا میں جنسی اسمگلنگ کے مقدمے کی سماعت سے قبل جیل میں مردہ پائے گئے تھے، جبکہ ان کی موت اب بھی عالمی سطح پر بحث اور مختلف قیاس آرائیوں کا موضوع بنی ہوئی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button