بین الاقوامی
ہنگری میں قبروں اور اسپتال سے انسانی اعضا چوری کرکے کھانے والا گرفتار

ہنگری میں پولیس نے انسانی جسم کے اعضاء چوری کرکے کھانے والے ایک 30 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق تفتیش کاروں کا کہنا ہے کہ ملزم لاوارث قبروں اور ہسپتال سے جہاں یہ کام کرتا ہے، انسانی اعضا چوری کرتا رہا ہے۔ہنگری کے نیشنل بیورو آف انویسٹی گیشن کو ملزم کے بارے میں 17 جون کو بوڈاپیسٹ میں اطلاع موصول ہوئی اور اُسے اُس وقت گرفتار کیا گیا جب ملزم جسمانی اعضاء گھر پر محفوظ کر رہا تھا۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ شخص ایک ہسپتال میں بطور سپورٹ ورکر ملازم ہے۔ملزم کے اپارٹمنٹ کی تلاشی کے دوران تفتیش کاروں نے کھوپڑی، ایک مکمل نچلی ٹانگ اور ایک ہاتھ کے ساتھ ساتھ چہرے کی جلد سے تیار کردہ انسانی چہرے کی نقل قبضے میں لے لی جبکہ دیگر ہڈیاں ایک سوٹ کیس میں پائی گئیں۔



