Select Language:
Urdu / English / Bengali / Hindi
بین الاقوامی

امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز اورمشیر وزیراعلیٰ پنجاب علی ڈار کی ملاقات،پاک امریکہ تعلقات مزید بہتر بنانے کاعزم

لاہور (آصف اقبال)امریکی قونصل جنرل اسٹیٹسن سینڈرز اور اکنامک اسپیشلسٹ آمنہ انیس نے مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے اے آئی و خصوصی اقدامات علی ڈار سے ملاقات کی جس میں پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلیجنس کا عالمی مرکز بنانے کے لیے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران پنجاب-کیلیفورنیا سسٹر اسٹیٹ پارٹنرشپ کو معاشی، تعلیمی اور ٹیکنالوجی تعاون کا مضبوط پل بنانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ فریقین نے اے آئی، ای گورننس، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے عالمی مواقع پیدا کرنے کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر علی ڈار نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت پنجاب کو جدید ترین اے آئی ماڈل صوبہ بنانے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مصنوعی ذہانت، ای گورننس، سرمایہ کاری اور نوجوانوں کے لیے عالمی مواقع پیدا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے ساتھ مضبوط شراکت داری پنجاب کی معیشت، تعلیم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں انقلابی تبدیلی کا سبب بنے گی۔ ان کے مطابق پنجاب کو عالمی سرمایہ کاروں کے لیے سب سے پرکشش اور محفوظ صوبہ بنایا جا رہا ہے۔علی ڈار نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں پنجاب نئی قیادت اور جدید وژن کے ساتھ اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو اے آئی اور جدید مہارتوں سے لیس کرنا ہی مضبوط اور خودمختار پاکستان کی ضمانت ہے، جبکہ پنجاب کا مستقبل ٹیکنالوجی، جدت اور بین الاقوامی شراکت داری سے مزید روشن ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button