سابق برطانوی امپائرز کا کرکٹ بورڈ کے خلاف مبینہ نسلی امتیاز پر مقدمہ

361

برطانیہ کے 2 سابق امپائرز جان ہولڈر اور اسمٰعیل داؤد نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) پر نسلی امتیاز کا الزام عائد کرتے ہوئے مقدمہ کر دیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کی رپورٹ دونوں امپائروں نے نومبر میں کہا تھا کہ ای سی بی کے اندر ‘ادارہ جاتی نسلی امتیاز’ ہوتا تھا۔

دونوں امپائر ‘ایکوالٹی ایکٹ 2010’ کے تحت ہرجانہ طلب کر رہے ہیں اور ای سی بی کے مستقبل کے قواعد کے لیے تجویز دے رہے ہیں۔

ای سی بی کا کہنا تھا کہ بورڈ ان دعوؤں سے بے خبر ہے لیکن نسلی امتیاز سے نمٹنے کے لیے پرعزم ہیں۔

ای سی بی کی گورننگ باڈی نے بیان میں کہا کہ ‘ہم جان ہولڈر اور دیگر کے تجربات سے آگاہی کے لیے ملاقات کا انتظام کر رہے ہیں تاکہ مستقبل میں ہم امپائروں اور میچ کے انتظامی اہلکاروں کی بہتر انداز میں تربیت کر پائیں’۔

خیال رہے کہ 75 سالہ جان ہولڈر نے انگلینڈ میں 1985 سے 2019 تک فرسٹ کلاس کرکٹ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیے، اس کے علاوہ وہ برطانیہ اور بیرون ملک ٹیسٹ و ایک روزہ بین الاقوامی میچوں میں بھی امپائر رہے۔

بعد ازاں انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) میں امپائروں کی کارکردگی سے متعلق امور کا منیجر مقرر کیا گیا تھا۔

ہمپشائر کی نمائندگی کرنے والے سابق باؤلر نے نومبر میں بتایا تھا کہ ‘یہ معاملات شبہات سے بڑھ کر ہیں’ اور امپائرنگ سے کنارہ کشی کے بعد خدمات کی پیش کش پر ای سی بی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا تھا۔