واشنگٹن: امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سبکدوش ہونے والے صدر جو بائیڈن پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں امریکی تاریخ کا ”بدترین صدر” قرار دیا۔غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بائیڈن کی ”اوپن بارڈر پالیسی” کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کی قیادت کے باعث امریکا عالمی سطح پر مذاق کا نشانہ بن گیا ہے۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے خبردار کیا کہ بائیڈن کی ’اوپن بارڈر پالیسی‘ سے نہ صرف انتہا پسند اسلامی دہشت گردی میں اضافہ ہوگا بلکہ پرتشدد جرائم بھی بڑھیں گے۔ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر متعدد پوسٹس میں موجودہ ملکی حالات کو ”تباہی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ بائیڈن کی قیادت نے قومی سلامتی اور قیادت کو کمزور کیا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے اتحادیوں نے جو ہمارے انتخابات میں مداخلت کرتے رہے، اس کے سبب امریکا کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جب قیادت کمزور ہو اور سرحدیں کھلی ہوں، تو یہی انجام ہوتا ہے۔ اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے وعدہ کیا کہ ان کی انتظامیہ ملک کی کھوئی ہوئی طاقت کو بحال کرے گی۔نو منتخب امریکی صدر نے محکمہ انصاف، ایف بی آئی اور دیگر اداروں پر بھی شدید اعتراض کرتے ہوئے انہیں ’کرپٹ اور ناکام‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق، یہ ادارے اپنی ذمہ داریاں نبھانے کے بجائے سیاسی حملوں میں مصروف رہے۔ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ 20 جنوری کو ملاقات کریں گے، امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں۔ واضح رہے کہ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکا کے 47 ویں صدر کے طور پر حلف اٹھائیں گے۔
0