0

ٹام کروز نے پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب کیلئے کتنا معاوضہ لیا؟ مداح حیران

لاس اینجلس: پیرس اولمپکس 2024ء کی اختتامی تقریب میں خطرناک اسٹنٹ کرنے والے ہالی ووڈ ایکشن اسٹار ٹام کروز کی پرفارمنس کے معاوضے سے متعلق اہم انکشاف ہوا ہے۔12 اگست کو پیرس اولمپکس 2024 کی اختتامی تقریب میں 62 سالہ ہالی ووڈ اسٹار ٹام کروز نے فرانس کے نیشنل اسٹیڈیم کی چھت سے چھلانگ لگا کر اولمپک گیمز کا جھنڈا وصول کرکے یہ جھنڈا اولمپکس کے اگلے میزبان امریکی شہر لاس اینجلس پہنچایا تھا۔ٹام کروز نے 50 میٹر کی بُلندی سے چھلانگ لگا کر اسٹیڈیم میں موجود تمام شائقین کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی تھی۔پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں ٹام کروز کی پہلے سے ریکارڈ کی گئی ویڈیو بھی چلائی گئی تھی جس میں اُنہیں اسکائی ڈائیونگ کرتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ایکشن اسٹار اسکائی ڈائیونگ کرتے ہوئے اولمپکس کے اگلے میزبان لاس اینجلس کے تاریخی مقام ہالی ووڈ پہنچے تھے جہاں اُنہوں نے اولمپکس کا جھنڈا لگایا تھا۔اب لاس اینجلس اولمپکس (LA28) کے صدر اور چیئرپرسن کیسی واسرمین نے ٹام کروز کے ان خطرناک اسٹنٹس سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق کیسی واسرمین نے کہا کہ ٹام کروز نے ان خطرناک اسٹنٹس کے لیے کئی ہفتوں تک محنت اور ریہرسلز کیں۔اُنہوں نے معاوضے سے متعلق انکشاف کیا کہ ٹام کروز اور ان کی ٹیم نے پیرس اولمپکس کی اختتامی تقریب میں اپنی خطرناک پرفارمنس کے لیے کوئی معاوضہ نہیں لیا بلکہ اُنہوں نے یہ پرفارمنس بلا معاوضہ سرانجام دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں