غزہ: اسرائیل کا کہنا ہے کہ لبنان کے اندر فوجی کارروائی کی تیاری کررہے ہیں۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل کے چیف آف اسٹاف ہرتزی ہیلفی نے بیان میں کہا کہ ہماری توجہ حزب اللہ سے مقابلے پر مرکوز ہے۔ لبنان کے اندرحملے کی تیاری کررہے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں حزب اللہ سے وابستہ متعدد افراد مارے گئے ہیں۔اسرائیلی چیف آف اسٹاف کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج گولان کے پہاڑی علاقے اور شمالی علاقوں کی آبادی کو درپیش خطرات کو کم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔اس سے قبل اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان پر شدید فضائی حملے کیے۔ اس دوران میں کئی قصبوں نشانہ بنایا گیا جبکہ اسرائیلی توپوں نے بھی شدید گولہ باری کی۔حزب اللہ کی جانب سے جنوبی لبنان سے کیے جانے والے حملوں میں مرکزی طور پر اسرائیلی فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔ حزب اللہ کا موقف ہے کہ وہ یہ حملے غزہ میں جاری مزاحمت کی سپورٹ میں کر رہی ہے۔غزہ میں سات اکتوبر 2023 سے جاری اسرائیلی حملوں کے بعد سے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان شروع ہونے والے تصادم میں اب تک لبنان میں کم از کم 610 جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ان میں حزب اللہ کے 394 ارکان اور 135 شہری شامل ہیں۔ دوسری جانب اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ حملوں میں 24 اسرائیلی فوجی اور 26 شہری مارے گئے ہیں۔
0