0

ملک میں خواتین کیخلاف سفاکیت کے کیسز پر جلد فیصلوں کی ضرورت ہے: مودی

نئی دہلی: بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے ملک میں خواتین کے خلاف سفاکیت کے کیسز میں تیز رفتار فیصلوں پر زور دیا ہے۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں سپریم کورٹ کے 75 سال مکمل ہونے کی تقریب سے خطاب میں مودی نے کہا کہ ملک میں خواتین اور بچوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے ان کے خلاف کیسز میں تیزی سے فیصلے کرنے کی ضرورت ہے۔بھارتی وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں خواتین اور بچوں کو لے کر بڑھتے واقعات پر تشویش ہے اور یہ ان کے تحفظ کے بارے میں بھی تشویشناک ہے۔نریندر مودی کا کہنا تھا کہ ملک میں متعدد ایسے قوانین ہیں جو خواتین کے تحفظ کے معاملے کو واضح کرتے ہیں لیکن آج خواتین کے خلاف جرائم اور بچوں کے تحفظ کا معاملہ ہمارے معاشرے کا ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، ملک میں خواتین کے تحفظ کے لیے کئی سخت قوانین بنائے گئے ہیں جنہیں اب مزید بہتر طریقے سے فعال کرنے کی ضرورت ہے۔بھارتی وزیراعظم نے خواتین کے خلاف سفاکیت کے کیسز میں جلد فیصلوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جلد فیصلے ہمارے لوگوں کے اندر تحفظ کا احساس پیدا کریں گے۔واضح رہے کہ بھارتی وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کلکتہ کے اسپتال میں ٹرینی خاتون ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا جس پر کلکتہ میں شدید احتجاج کیا جارہا ہے۔9 اگست کو کلکتہ کے آر جی کار اسپتال سے وابستہ ایک ٹرینی خاتون ڈاکٹر کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا تھا، 31 سالہ لیڈی ڈاکٹر کی لاش کلکتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج کے کمرے سے ملی تھی اور پوسٹ مارٹم میں خاتون ڈاکٹر سے زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں