واشنگٹن: اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے امریکی کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں غزہ جنگ میں اپنے اتحادیوں کی تعریفوں کے پُل باندھتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی عوام کی جانب سے میں آپ کا شکریہ ادا کرنے امریکا آیا ہوں۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم کا امریکی کانگریس سے یہ چوتھی بار خطاب تھا جس سے آنجہانی برطانوی وزیر اعظم ونسٹن چرچل کا امریکی کانگریس سے سب سے زیادہ بار تقریر کرنے کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔تاہم اس تاریخی موقع پر اسرائیلی وزیراعظم کو غزہ میں جارحیت کے باعث شدید تنقید اور مظاہروں کا سامنا کرنا پڑا۔ نیویارک کے الیگزینڈریا اوکاسیو کارٹیز اور سابق اسپیکر نینسی پیلوسی نے تقریر سننے سے انکار کر دیا تھا۔اسی طرح کچھ ارکان خطاب کے دوران ہی اپنی ہی نشستیں چھوڑ کر ایوان سے باہر نکل گئے۔دوسری جانب نیتن یاہو کی تقریر کے دوران پارلیمنٹ کے باہر عوام کا جم غفیر جمع ہوگیا اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ پولیس نے 200 سے زائد مظاہرین کو حراست میں لے لیا۔یہ مظاہرہ اتنا شدید تھا کہ نیتن یاہو اس احتجاج کا اپنی تقریر میں زکر کیے بغیر نہ رہ سکے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مظاہرین کو کہا کہ تم لوگ احمق ہو اور جان بوجھ کر ایران کا آلۂ کار بن رہے ہو۔امریکی ارکان اسمبلی کی تالیوں کی گونج میں نیتن یاہو نے غزہ پر سکیورٹی کنٹرول برقرار رکھنے کے اپنی جنگی عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر حماس ہتھیار ڈال دیتی ہے تو غزہ کی جنگ ختم ہو جائے گی۔اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ میں آپ کو ایک چیز کا یقین دلانے آیا ہوں کہ ہم جیتیں گے۔ یرغمالیوں کی واپسی کی پرامن کوششیں کامیاب ہوں گی اور تب تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔اس موقع پر نیتن یاہو نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے غزہ میں مشن کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے ہتھیاروں کی فوری فراہمی کا مطالبہ بھی کیا۔
0