ماسکو: روس کی ایک عدالت نے مشہور میگزین فوربز سے منسلک صحافی سرگئی منگازوف کو فوج سے متعلق فیک نیوز پھیلانے کے الزام میں دو مہینے نظر بند رکھنے کا حکم دے دیا۔امریکی نشریاتی ادارے (سی این این) کی رپورٹ کے مطابق روس کی سرکاری خبرایجنسی ریا نووسٹی نے بتایا کہ صحافی سرگئی منگازوف کو مبینہ طور پر روسی مسلح افواج کے حوالے سے فیک نیوز چلانے پر گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد عدالت نے نظربند رکھنے کا حکم دیا۔
فوربز رشیا نے بیان میں کہا کہ مذکورہ صحافی کم از کم دو ماہ تک نظربند رہے گا، انہیں جمعے کو گرفتار کیا گیا تھا اور ٹرائل کے منتظر تھے۔روسی خبرایجنسی نے ہفتے کو بتایا تھا کہ فوربز کے صحافی سرگئی منگازوف کو روسی مسلح افواج کے بارے میں غلط خبریں پھیلانے پر گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں نظربند کر دیا گیا ہے۔سرگئی منگازوف کے وکیل کونسٹینٹن ببون نے جمعے کو ایک بیان میں کہا تھا کہ صحافی کو یوکرین کے علاقے بوچا میں پیش آنے والے واقعات کی رپورٹس ٹیلیگرام میں دوبارہ جاری کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ٹیلیگرام پر جاری خبر میں صحافی نے یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریبی علاقے بوچا میں روسی فوجی کی جانب سے مبینہ طور پر کی گئی وحشیانہ کارروائیوں کی خبر شیئر کی تھی جو بی بی سی کی روسی سروس اور ریڈیو فریڈم میں نشر کی گئی تھی۔
0