آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار ایم ایم کیراوانی نے 22 کلو وزن کم کرلیا، انوپم کھیر بھی متاثر

آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار ایم ایم کیراوانی نے 22 کلوگرام وزن کم کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ معروف اداکار انوپم کھیر نے ان کی اس تبدیلی کو سراہتے ہوئے اسے عزم اور مستقل مزاجی کی عمدہ مثال قرار دیا ہے۔انوپم کھیر نے حیدرآباد میں کیراوانی سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس، جو پہلے ٹوئٹر کہلاتا تھا، پر تصاویر شیئر کیں۔ انہوں نے اپنے دوست کی جسمانی تبدیلی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے عزیز دوست اور آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار ایم ایم کیراوانی نے حیران کن طور پر 22 کلوگرام وزن کم کیا ہے اور ان کا عزم واقعی متاثر کن ہے۔اداکار کے مطابق ملاقات کے دوران کیراوانی پہلے سے زیادہ تروتازہ، پُرجوش اور پراعتماد دکھائی دیے۔ انوپم کھیر نے کہا کہ ان کے چلنے کے انداز میں بھی ایک نئی توانائی محسوس ہورہی تھی اور دوست کو اتنا خوش اور پُراعتماد دیکھ کر انہیں فخر محسوس ہوا۔








